سامراج کی دھمکی مسترد،غزہ فلسطینیو ں کا تھا انہی کا رہے گا قائد ملت جعفریہ

سامراج کی دھمکی مسترد،غزہ فلسطینیو ں کا تھا انہی کا رہے گا قائد ملت جعفریہ

February 06, 20252 min read

 سامراج کی دھمکی مسترد،غزہ فلسطینیو ں کا تھا انہی کا رہے گا، صہیونیت کو مقدس سرزمین چھوڑنا ہوگی،قائد ملت جعفریہ پاکستان
انسانیت کا جذبہ رکھنے والے روشن ضمیروں کو مجتمع ہوکر ظالموںکےخلاف بھرپور آواز بلند کرنا ہوگی، علامہ ساجدنقوی کی اپیل
عالمی یوم القدس کو ملک بھر میں بھرپور طریقے اور شان و شوکت سے منایا جائے، قائد ملت جعفریہ پاکستان کی ہدایت
  اسلام آباد 06 فروری 2025 (جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نےغزہ کے حوالے سے سامراج کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ غزہ فلسطینیوں کا تھا انہی کا رہے گا، صہیونیت کو مقدس سرزمین چھوڑناہوگی، پہلے فلسطینیوں کی نسل کشی کی گئی اور تمام تر مظالم کے باوجود غزہ کے وارث واپس آئے تو اب سامراجیت و صہیونیت کا گٹھ جوڑ انکا وجود ختم کرنے کے درپے ہے،انسانیت کا جذبہ رکھنے والے روشن ضمیروں کو ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف مجتمع ہوکر بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے، حماس کی رازدارانہ پالیسی، ازسرنو اٹھان اور حیران کن انداز میں یرغمالیوں کو محفوظ رکھنا اور ان کو رہا کرنا سامراجیوں اور صہیونیوںکی شکست کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلسطینیوں کے قاتل، صہیونی درندے کیساتھ ہونیوالی پریس کانفرنس پر ر دعمل دیتے ہوئے کیا ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اول روز متوجہ کیا تھا کہ امریکی انتخابات میں تبدیلی پر زیادہ پرجوش ہونے کی ضرورت نہیں یہ بات اظہر من الشمس ہے سامراج کبھی اپنے عزائم اور انسانیت کش پالیسیوں سے پیچھے نہیں ہٹتا ہے ۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے انسانیت کا جذبہ رکھنے والے روشن ضمیروں کو متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ تمام تر مظالم کے باوجود ، تاریخی نسل کشی کے باوجود، گھروں سے اسپتالوں ، رفاحی اداروں سے صحافتی اداروں کی مسماری کے باوجود غزہ کے وارث اور مالک نہ صرف سرخرو ہوئے بلکہ جب یہ وارث واپس آئے تو اب سامراجیوں اور صہیونیوں کاگٹھ جوڑ انکا بھی وجود ختم کرنے درپے ہوگیا ہے ، عالمی سطح پر مجتمع ہوکر اس سب سے بڑی انسانی حق تلفی کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے اور ظالم کا ہاتھ روکا جائے ۔
انہوںنے مزاحمتی تحریکوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مزاحمت کی کامیابی کا اہم ترین نکتہ یہ ہے کہ سامراجیوں اور صیہونیوںنے غزہ سمیت پوری ارض فلسطین کو تہہ و بالا کردیا مگر وہ نہ تو حماس کو ختم کرسکا اور نہ یرغمالیوں تک رسائی حاصل کرپایا جنہیں انتہائی حیران کن انداز اور منظم طریقے سے حوالے کیا جارہاہے یہ وہ رازدارانہ پالیسی ہے جو فلسطینی مظلوم عوام کی فتح اور اسرائیلی شکست کے مترادف ہے ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی یوم القدس کو ملک گیر یوم القدس کے طور پر بھرپور انداز میں منانے کےلئے بھرپور تیاریوں کی ہدایات بھی کردیں۔

Back to Blog